یورپین بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ نے سال 2020 میں ترکی کو 2 ارب ڈالر کی فنڈنگ دی۔
ترکی کو اتنا بڑا قرض فراہم کرنے پر بینک کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ترکی کو قرض فراہم کرنے کا مقصد یہاں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔
2019 میں بینک نے ترکی کو ایک ارب یورو فنانسنگ فراہم کی تھی جو گذشتہ سال 68 فیصد اضافے کے بعد 1.68 ارب یورو ہو گئی۔
ترکی کو دیئے جانے والے قرض میں سے بڑا حصہ تجارتی اور صنعتی کمپنیوں کو دیا گیا ہے جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی تھیں۔
یورپین بینک کا کہنا ہے کہ ترکی کے مقامی بینکوں کو ساتھ ملا کر قرض اصل حقداروں کو دیا گیا ہے۔ مقامی بینکوں نے 90 کروڑ یورو ترکی کی ایسی کمپنیوں کو دیا ہے جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے کیش کی قلت کا شکار تھیں۔
یورپین بینک فار ری کنسٹرکشن نے وسطی یورپ اور بالٹک ریاستوں سے زیادہ قرض ترکی کو فراہم کیا ہے۔ بینک نے وسطی یورپ کے ممالک اور بالٹک ریاستوں کو 2020 میں 1.41 ارب یورو قرض دیا تھا۔
یہ قرض یونان اور قبرص کو دیئے جانے والے قرض کے مقابلے میں 81 فیصد زائد ہے۔
بینک نے گذشتہ سال مشرقی یورپ، قفقار اور وسط ایشیا کے ممالک کو قرض کی فراہمی میں کمی کی ہے۔ بینک کے مطابق زیادہ تر فنڈنگ ایسے ممالک کو دی جا رہی ہے جہاں کثیر سیاسی جماعتوں کو جمہوری نظام میں اپنا کردار ادا کرنے کی آزادی دی جا رہی ہے۔