استنبول کے بڑے منصوبے "گلاتا پورٹ” کو اپریل میں آپریشنل کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے سے ڈھائی کروڑ وزیٹرز کے آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے استنبول میں سینما میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلاتا پورٹ سے شہر کی سیاحت کئی گنا بڑھ جائے گی۔ امید ہے کہ گلاتا ٹاور پر سالانہ 70 لاکھ سیاح اور 15 لاکھ کروز پسینجر آئیں گے۔
اس منصوبے کے تحت استنبول میں نئی اور جدید عمارتیں، شاپنگ مالز، ہوٹلز تعمیر کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود اس سال کے لئے گلاتا پورٹ پر 200 کروز شپس نے ریزرویشن حاصل کر لی ہے جس میں ساڑھے تین لاکھ سیاح یہاں آئیں گے۔ آئندہ سال سیاحوں کی آمد میں پانچ گنا اضافے کا امکان ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ جیسے جیسے سفری پابندیاں نرم ہو رہی ہیں ویسے ویسے ترکی میں سیاحوں کی آمد بڑھ رہی ہے۔ اب تک ترکی میں پانچ کروڑ سے زائد سیاح آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلاتا پورٹ ترک ثقافت اور تاریخ کا شوق رکھنے والے سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش ہو گا۔ ترکی کے بے اوغلو کلچر روڈ پروجیکٹ کے تحت اتلس سینما اور استنبول سینما میوزیم سے گلاتا پورٹ اور تقسیم اسکوائر تک ایک علاقہ مختص کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتاترک کلچرل سینٹر جو اس سال کے آخر تک مکمل ہونا تھا اب آئندہ سال کے وسط تک سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کئی منصوبے التوا کا شکار ہو گئے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ استنبول کی تق سیم مسجد آئندہ سال رمضان سے پہلے مکمل ہو جائے گی اور اسے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نماز کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسجد میں پنجگانہ نماز کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ لائبریری اور روایتی تقافتی شوز بھی منعقد کئے جائیں گے۔