
ترکی نے رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں برآمدی شعبے نے نمایاں کردار ادا کیا۔ ترکی نے جنوری میں 15 ارب ڈالر کی برآمدات کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
ترک وزیر تجارت روحسار پیکجن نے کہا ہے کہ گذشتہ سال جنوری کے مقابلے میں ایکسپورٹس 2.5 فیصد بڑھ گئی ہیں۔ دوسری طرف جنوری میں درآمدات 5.6 فیصد کمی کے بعد 18.1 ارب ڈالر ہو گئیں۔
اس طرح ترکی کو جنوری میں 3 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا ہے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 32 فیصد کم ہے۔
درآمدی خام مال کی مصنوعات تیار کر کے اسے برآمد کرنے کا تناسب 83 فیصد رہا۔ ایک سال کے مقابلے میں اس ایکسپورٹ ٹو امپورٹ تناسب میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ترک وزیر تجارت نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں معاشی کساد بازاری رہی لیکن اس کے باوجود ترک تاجروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان حالات میں 15 ارب ڈالر ایکسپورٹس سے حاصل کئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ای کامرس کو فروغ دینا چاہتی ہے اور اس کے لئے دوست ممالک کو بہت سی سہولتیں بھی دی جائیں گی۔