ترک حکومت نے گذشتہ مالی سال 2020 میں ایکسپورٹرز کو 45.6 ارب ڈالر کے قرضے جاری کئے۔
ترک وزیر تجارت روحسار پیکجن نے بتایا کہ "ترک ایگزم بینک” نے 2019 کے مقابلے میں ایکسپورٹرز اور چھوٹے کاروباری اداروں کو قرض اور انشورنس کی مد میں 45.6 ارب ڈالر کے قرضے دیئے۔
ٹرکش ایکسپورٹرز اسمبلی کے چیئرمین اسماعیل گل کے مطابق جیولری، ایئر کنڈیشننگ اور تازہ پھل اور سبزیوں کے شعبے کو جو قرضے دیئے گئے تھے اس کے مثبت اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔
جنوری میں گاڑیوں کی برآمدات سے ترکی نے 2.3 ارب ڈالر کمائے۔ دوسری طرف کیمیکل پروڈکٹس کی ایکسپورٹس سے 1.7 ارب ڈالر اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے 1.5 ارب ڈالر کمائے۔
جنوری میں جرمنی ترک مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار رہا۔ جرمن تاجروں نے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کی ترک مصنوعات خریدیں۔ دوسرا بڑا ٹریڈنگ پارنٹر امریکہ رہا جس نے 93 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی مصنوعات امپورٹس کیں۔