ترک صدر رجب طیب ایردوان نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین میں جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی کوئی اہم قدم اٹھا سکتے ہیں۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے اُزبکستان میں صدر پیوٹن سے ہونے والی بات چیت سے اُن کا اندازہ ہے کہ صدر پیوٹن یوکرین جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتے ہیں۔
ترک صدر نے یہ بھی کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان 200 قیدیوں کا جلد تبادلہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین اس ماہ اپنا بہت بڑا علاقہ روسی قبضے سے واپس لینے میں کامیاب ہوا ہے۔ تاہم روس نے ابھی تک ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ کریمیا سمیت یوکرین سے مکمل انخلا کے حوالے سے کوئی فیصلہ کررہا ہے۔
خیال رہے کہ فروری سے جاری روس اور یوکرین کی جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل اور گیس کے بحران کا خدشہ ہے جب کہ اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔