
صدر رجب طیب ایردوان اور ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے پاکستان کے لئے تیار کئے جانے والے میلجم کوریٹ (جنگی بحری جہاز) کی ویلڈنگ تقریب میں شرکت کی۔
استنبول میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں پاک بحریہ کے لئے تیسرے میلجم کورویٹ کی تیاری کے ابتدائی مرحلے میں ویلڈنگ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر ایردوان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفیٰ شینتوب، ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار، چیف آف ترکش جنرل اسٹاف جنرل یاشر گلیر، کمانڈر آف ٹرکش نیول فورسز ایڈمرل عدنان اوزبل اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ برادر ملک پاکستان اور ترکی کے تعلقات ہر سطح پر انتہائی مضبوط ہیں۔ پاک ترک دفاعی تعلقات میں میلجم کورویٹ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ترکی اور پاکستان دونوں ایک مشکل ترین جغرافیائی حدود میں ہیں اور دنوں ملکوں کو ایک طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ترکی برادر ملک پاکستان اور اپنے دیگر اتحادی ممالک کی دفاعی ضروریات کو ہر ممکن طریقے سے پورا کرے گا۔
گذشتہ سال فروری میں اپنے دورہ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے "اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک” کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے تھے تاکہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے میں ایک ادارہ جاتی فریم ورک کام کرے۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے پاک ترک تعلقات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔
تقریب میں صدر ایردوان اور پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی نے مشترکہ طور پر نئے جنگی بحری جہاز کی تیاری کے لئے ویلڈنگ کے کام کے آغاز کا افتتاح کیا۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان جنگی بحری جہاز میلجم کورویٹ کے معاہدے کے تحت دو جنگی بحری جہاز ترکی میں اور دو پاکستان میں تیار کئے جایئں گے۔ ترکی نے ایک میلجم کورویٹ پاکستان کو فراہم کر دیا ہے۔ ایک پاکستان میں تیار ہو رہا ہے جس کی ٹیکنالوجی ترکی نے پاکستان کومنتقل کر دی ہے۔ تیسرے بحری جہاز کی تیاری آج شروع ہوئی ہے جس کا افتتاح صدر ایردوان نے کیا ہے۔

One Comment
Excellent