
رواں سال کے پہلے نو ماہ میں ترکی نے 95 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کی۔
ترک وزارت سیاحت کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 74 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کورونا کی شدت میں کمی کے بعد مختلف ممالک کی طرف سے سفری پابندیاں ختم ہونے سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
اگست اور ستمبر میں 40 لاکھ غیر ملکی سیاح ترکی آئے۔
استنبول غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا۔ جنوری سے ستمبر تک 36 لاکھ غیر ملکی سیاح استنبول دیکھنے آئے۔
انطالیہ ترکی کا دوسرا بڑا سیاحتی مرکز رہا۔ یہاں 24 لاکھ غیر ملکی سیاح سیر کرنے آئے۔ بلغاریہ اور یونان کے سرحدی علاقے ایدرین میں مجموعی سیاحوں میں 13.16 فیصد یہاں آئے۔
72 لاکھ غیر ملکی سیاح ہوائی جہاز کے ذریعے ترکی پہنچے جبکہ 21 لاکھ سیاح بذریعہ سڑک موٹر ویز سے ترکی آئے۔
ایک لاکھ 48 ہزار سیاح سمندری کشتیوں اور ساڑھے چار ہزار لوگ ریلویز کے ذریعے ترکی پہنچے۔
ستمبر میں 22 لاکھ سیاح سیر کے لئے ترکی آئے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد کم ہیں۔
2019 میں ساڑھے چار کروڑ سیاح ترکی آئے تھے جبکہ 2018 میں یہ تعداد تین کروڑ 95 لاکھ تھی۔
رواں سال کے پہلے نو ماہ میں ہوٹل کے کرایوں کی بکنگ کی شرح 35 فیصد رہی جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد کم ہے۔
ترکش ہوٹل ایسوسی ایشن کے مطابق ہوٹلوں کے فی کمرے کے کرائے میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جنوری سے ستمبر کے دوران ہوٹل کے ایک کمرے کا اوسطً کرایہ 84 ڈالر رہا جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 52 فیصد کم ہے۔
ہوٹلوں کو ایک کمرے کی مد میں ہونے والی آمدنی میں بھی کمی آئی جو کم ہو کر 29 ڈالر رہ گئی۔
انطالیہ میں ہوٹل کے کمروں کی بکنگ سب سے زیادہ 60 فیصد رہی۔