متحدہ عرب امارات کی “دبئی پورٹس ورلڈ” اور “اسرائیل شپ یارڈز لمیٹڈ” نے اسرائیل کی شمال مغربی بندرگاہ حائفا کی خریداری کے لئے مشترکہ درخواست جمع کروا دی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان بندرگاہ کا انتظام سنبھالنے کے لئے ایک مخصوص معاہدہ طے پا گیا ہے۔ حائفا اسرائیل کی دوسری بڑی بندرگاہ ہے۔
اسرائیلی شپ یارڈ لمیٹڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دبئی پورٹس ورلڈ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے سے حائفا بندرگاہ پر سامان کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کا جدید انفرا اسٹرکچر بنایا جائے گا جس سے اخراجات میں کمی آئے گی اور مشرق وسطیٰ میں حائفا کو ایک بہترین بندرگاہ بنانے میں مدد ملے گی۔
یہاں سے خطے کے دیگر ممالک سمیت بین الاقوامی تجارت کے راستے کھلیں گے۔
دبئی پورٹس ورلڈ نے کہا ہے کہ گذشتہ ماہ اسرائیل کی دوور ٹاور کمپنی سے ایک معاہدہ کیا گیا تھا جس کا مقصد حفائفا بندرگاہ کی نجکاری میں حصہ لینا تھا۔ واضح رہے کہ دبئی پورٹس لمیٹڈ امارات کی سرکاری کمپنی ہے جو دنیا کے مختلف ممالک کی بندرگاہوں پر کام کر رہی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حائفا بندرگاہ کی نجکاری میں بیلجئن یورپین پورٹس، برٹس ایس ایس اے میرین، گلوبل پورٹس ہولڈنگ اور امریکی و بھارتی کمپنیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی سرکاری کمپنیوں کے درمیان طے ہانے والے معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست بحری سروس بھی شروع کی جائے گی۔