ترکی اور یوکرین نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ و وزارت دفاع کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے جس میں ترکی اور یوکرین کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے نئے معاہدے طے پائے۔
ترکی کے وزیر دفاع ہلوسی آکار اور وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو نے اجلاس میں شرکت کی۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، ثقافتی، معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
بحیرہ اسود میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے اور سیکیورٹی خدشات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ دونوں ملکوں نے عالمی قوانین اور ایک دوسرے کی زمینی اور سمندری حدود کا احترام ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا۔
دونوں ممالک کی بحری افواج میں تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں کے نئے راستے بھی تلاش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بحیرہ اسود میں تجارتی قافلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے بھی مشترکہ پیٹرولنگ پر آمادگی ظاہر کی گئی۔
ترکی نے یوکرین کے اصلاحات کے عمل میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ یورپین یونین اور نیٹو تک یوکرین کو رسائی حاصل ہو سکے۔
ترکی نے یوکرین کے جمہوریہ کرائمیا کی خود مختاری اور اس کی جغرافیائی حدود کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی صنعت میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ممالک کی اہم وزارتی کمیٹی کا اجلاس آئندہ سال ترکی میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔