بنگلہ دیش میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ عثمان توران نے کہا کہ دونوں ملک تجارتی تعلقات کو وسیع کرنے اور سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کار یہاں انویسٹمنٹ کو وسیع کر رہے ہیں۔ ترکی کی الیکٹرک اور ہوم اپلائنسز تیار کرنے والی کمپنی آرسیلیک نے بنگلہ دیش کی سنگر کمپنی کو خرید لیا ہے۔
ترک ایل پی جی کمپنی ایغاز نے بھی بنگلہ دیش میں ایل پی جی کی فلنگ اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترک سفیر نے کہا کہ ترکی کی تعمیراتی صنعت دنیا میں چین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور وہ بنگلہ دیش کے مختلف بڑے انفرااسٹرکچر کے منصوبوں میں حصہ لے رہی ہے۔ ترکی ڈھاکہ میں ایک بین الاقوامی معیار کا اسپتال بھی تعمیر کرے گا۔
ترک سفیر نے بتایا کہ صدر رجب طیب ایردوان کی مارچ میں بنگلہ دیش کے دورے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر ابھی تک حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے صدر رجب طیب ایردوان کو بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی 100 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
ترک سفیر نے شیخ حسینہ واجد کی قیادت میں بنگلہ دیش کی معاشی ترقی کو سراہا۔ شیخ حسینہ واجد نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے طبی آلات فراہم کرنے پر صدر ایردوان اور ان کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ترک سفیر نے روہنگیا کے معاملے پر بنگلہ دیش کو ترکی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ ترکی چاہتا ہے کہ میانمار کے مہاجرین کی پُرامن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
ترک سفیر نے بتایا کہ ترکی کے سرکاری امدادی اداری ٹکا، اے ایف اے ڈی، ٹرکش ریڈ کریسنٹ اور ترکی دیانت فاوْنڈیشن روہنگیا کے مہاجرین کے لئے ہر طرح کی امداد فراہم کرر ہے ہیں۔ مہاجرین کے لئے فیلڈ اسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان مہاجرین کی روزمرہ کی ضروریات کے لئے بھی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔