صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی اور مصر کے تعلقات میں کئی مشکل برسوں کے بعد بہتری آ گئی ہے۔ دونوں ملکوں نے کئی شعبوں میں باہمی تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ استنبول میں نماز جعمہ کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ ترکی اور مصر نے انٹلی جنس، سفارتکاری اور معیشت میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فی الحال دونوں ملکوں کے تعلقات اعلیٰ سطح کے رابطوں تک نہیں پہنچے ہیں لیکن جلد ہی ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ترکی اور مصر کے عوام کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔ جیسے ہی دونوں ملکوں کی انٹلی جنس، سفارتکاری اور معاشی و سیاسی شعبے میں بات چیت آگے بڑھے گی ویسے ہی وفود کے تبادلے بھی شروع ہو جائیں گے۔
سعودی عرب اور یونان کی مشترکہ فوجی مشقوں کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ انہیں امید ہے سعودی عرب ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر جلد ہی سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان سے بات کریں گے۔