ترکی چین سے مزید پانچ کروڑ کورونا ویکسین خریدے گا۔ یہ بات صدر رجب طیب ایردوان نے استنبول میں نماز جمعہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مزید ویکسین خریدنے کی بات چیت شروع کر دی ہے جیسے ہی دونوں ملکوں کے درمیان ویکسین کی خریداری کا معاہدہ طے پائے گا مزید ویکسین ترکی پہنچ جائے گی۔
صدر ایردوان نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں بہت زیادہ اتار چڑھاؤ آ رہا ہے جس کی وجہ سے فیصلے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ حکومت کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر کے تحت پابندیاں نرم کرنا چاہتی ہے لیکن ہماری ترجیح عوام فلاح و بہبود ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے علاوہ جرمنی سے بھی ویکسین خریدنے کے لئے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ روس سے بھی ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کیا جائے گا۔
ترکی میں اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔ 4 جنوری سے شروع ہونے والی ویکسین مہم میں 78 لاکھ 30 ہزار افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے جبکہ 27 لاکھ 20 ہزار افراد کو دوسری خوراک بھی لگا دی ہے۔



