صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ مہنگائی اور مالیاتی خسارے کو کم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
استنبول میں اپنی حکومت کے "معاشی اصلاحات” کے اہم نکات کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات، روزگار، سرمایہ کاری اور صنعتی پیداوار کو بڑھا کر ترکی کی معاشی ترقی کا نیا سفر شروع کریں گے۔ معاشی مستقبل انہیں شعبوں کو مضبوط بنا کر بہتر بنایا جائے گا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک معیشت کا مستقبل ہائی ویلیو ایڈڈ برآمدات پر رکھا گیا ہے جس میں درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ حکومت اپنے اخراجات کو کم کرے گی تاکہ مالیاتی خسارے کو محدود کیا جا سکے۔ برآمدات کو بڑھا کر اور امپورٹس کو کم کر کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو سرپلس میں رکھا جائے گا۔
صدر ایردوان نے اعلان کیا کہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی مانیٹرنگ کے لئے پرائس کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ مالیاتی استحکام اور اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کو بہتر کارکردگی کے ساتھ حاصل کیا جائے گا۔ قومی اور مقامی معیشت کا نیا نظریہ پیش کیا گیا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے۔
پبلک فنانس کو مضبوط بنانے اور رسک کو کم کرنے کے لئے سخت مالیاتی نظم و ضبط بنایا جائے گا تاکہ عوامی پیسے ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔
ترکی ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی تحفظ دینے کے لئے معاشی اور قانونی ماہرین کی ایک ٹیم بنا رہا ہے۔
صدارتی آفس کے ماتحت "سوفٹ ویئر اور ہارڈ ویئر انڈسٹریز پریذیڈنسی” کا محکمہ قائم کیا جائے گا تاکہ مقامی صنعت کو تحفظ دیا جائے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے ذرائع تلاش کئے جائیں۔
نائب صدر فواد اوکتے کی سربراہی میں "اکنامک کوآرڈینیشن کونسل” قائم کی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ لطفی ایلوین کی سربراہی میں "فنانشل اسٹیبلیٹی کونسل” بنائی جائے گی۔
بینکوں کے پھنسے ہوئے قرضوں اور اثاثوں کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لئے ایک علیحدہ ڈیسک بنایا جا رہا ہے۔
اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت تمام وسائل استعمال کرے گی۔ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لئے ایک قبل از وقت وارننگ سسٹم معتارف کروایا جائے گا جس میں عوام کو پہلے سے مطلع کیا جائے گا کہ کن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے۔