صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اس ہفتے کورونا وائرس کی ویکسینیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔ جمعرات یا جمعہ سے ویکسین لگانے کا کام شروع ہوجائے گا۔
صدارتی کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ کورونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی آ رہی ہے جس کے بعد پابندیوں کو بتدریج نرم کیا جائے گا۔ چین سے کورونا وائرس ویکسین 30 دسمبر کو پہنچ گئی تھی جس کے ٹرائلز مکمل ہو چکے ہیں۔ ترک وزارت صحت نے چین کی ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی ویکسین مئی تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ ترک یونیورسٹیاں اور ریسرچ ادارے کورونا وائرس ویکسین کی تیاری میں دن رات کام کر رہے ہیں۔
ترکی میں اب تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 23 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 22,981 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ صدر ایردوان نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود ترک معیشت دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ متاثر نہیں ہوئی۔ 2020 کی تیسری سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 6.7 فیصد رہی۔ اکتوبر میں صنعتی شعبے کی ترقی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھی۔ آٹو انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت 61 فیصد بڑھ گئی ہے۔ 2020 میں سات لاکھ 73 ہزار سے زائد گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ 2020 کے گیارہ ماہ میں نئے گھروں کی خریداری 21.5 فیصد اضافے کے بعد 14 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی ہے۔