کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاوؐن کے دوران ترکی میں ای کامرس یعنی آن لائن شاپنگ کے حجم میں 64 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترک وزیر تجارت روحسان پیکجن کے مطابق جنوری سے جون کے دوران آن لائن شاپنگ کی مالیت 91.7 ارب ٹرکش لیرا کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ ایک سال پہلے آن لائن شاپنگ کا حجم 55.9 ارب ٹرکش لیرا تھا۔
وزیر تجارت کے مطابق رواں سال کے چھ ماہ میں آن لائن شاپنگ کا سب سے بڑا خرچہ یعنی 91 فیصد اشیائے خور د نوش اور گھریلو استعمال کی چیزوں کی خریداری کا رہا۔
ترکی کی مجموعی تجارت میں ای کامرس کا شیئر 14.2 فیصد تک پہنچ گیا ہے جو ایک سال پہلے 8.4 فیصد تھا۔
لوگوں نے آن لائن شاپنگ کے لئے 58.1 ارب ٹرکش لیرا بینک کارڈز کے ذریعے ادا کئے۔ چھ ماہ میں آن لائن آرڈر کا حجم 85 کروڑ یونٹس سے زائد رہا۔ ایک سال پہلے یہی حجم 55 کروڑ 87 لاکھ یونٹس تھا۔
ترکی میں مارچ میں لاک ڈاوؐن شروع ہوا۔ مارچ میں آن لائن شاپنگ 37 فیصد اور مئی میں 49 فیصد بڑھی۔ جون میں لاک ڈاوؐن میں سختی کے باعث ای کامرس میں 91 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔
کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے سب سے زیادہ ادائیگیاں اشیائے خورد و نوش کی آن لائن خریداری کے لئے کی گئیں۔
فرنیچر، ڈیکوریشن اور ملبوسات کی آن لائن خریداری میں بھی اضافہ ہوا۔
لاک ڈاوؐن کی وجہ سے ایئر لائنز کی ٹکٹوں، ہوٹل میں رہائش اور انٹرٹینمنٹ کی آن لائن بکنگ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔