turky-urdu-logo

ترکی سے چین کے لئے تیسری کارگو ٹرین آج انقرہ سے روانہ ہو گئی

ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے تجارتی سامان لے کر تیسری کارگو ٹرین چین کے لئے آج روانہ ہو گئی۔ اس ٹرین میں قدرتی معدنیات چین بھیجی گئیں ہیں۔ ترک وزیر قدرتی وسائل فاتح دونمیز نے ٹرین روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندری راستے سے تجارتی مال چین پہنچنے میں ڈیڑھ سے دو ماہ لگتے ہیں لیکن ٹرین سے یہی سفر 15 سے 20 دن میں مکمل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا ترکی کی قدرتی معدنیات کے لئے چین ایک بڑی مارکیٹ بن گیا ہے۔ مالی سال 2020 میں ترکی نے 58 لاکھ ٹن معدنیات چین کو برآمد کیں۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود ترکی نے قدرتی معدنیات اور خاص طور پر بوران کی ایکسپورٹ کو کم نہیں ہونے دیا۔ گذشتہ مالی سال میں ترکی نے بوران کی 57 فیصڈ عالمی طلب کو پورا کیا اور پونے دو کروڑ ٹن بوران مختلف ممالک کو برآمد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی سے قدرتی معدنیات کی ایک اور کارگو ٹرین 2 فروری کو انقرہ سے روانہ ہو گی جو باکو تبلیسی کارس ریلوے لنک سے ہوتی ہوئی چین کے شہر جیان پہنچ جائے گی۔

ترکی سے چین تک کارگو ٹرین 7,792 کلومیٹر سفر طے کرے گی۔ کارگو ٹرین ترکی میں 2300 کلومیٹر، جارجیا میں 220 کلومیٹر، آذربائیجان میں 430 کلومیٹر، 420 کلومیٹر بحیرہ کیسپئن، 3200 کلومیٹر قازقستان اور 2100 کلومیٹر چین میں سفر کرنے کے بعد جیان شہر پہنچے گی۔

ترکی سے چین کے لئے پہلی کارگو ٹرین چار دسمبر 2020 کو روانہ ہوئی تھی۔ یہ تیسری کارگو ٹرین ہے جو ترکی سے چین جا رہی ہے۔

Read Previous

پاکستان میں نادار افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، عمران خان

Read Next

مہنگائی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کریں گے، صدر ایردوان

Leave a Reply