
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترک سیٹ 5A کے مدار میں جانے کے بعد اب خلا میں ترکی کے سیٹلائٹس کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ ترکی نے اگلے 30 سال کے لئے مدار کے حقوق اپنے نام کر لئے ہیں۔
وہ استنبول کے صدارتی محل سے سیٹلائٹ ٹیکنالوجیز ویک سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ ان کی حکومت کا سب سے بڑا ہدف 2022 میں ترک سیٹ 6A خلا میں بھیجنا ہے۔ یہ سیٹلائٹ مکمل طور پر مقامی ٹیکنالوجی سے تیار کیا جا رہا ہے جس کے بعد ترکی سیٹلائٹ کی تیاری میں خودکفیل ہو جائے گا اور اسے مغربی ممالک یا امریکہ پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے ترک انجینئرز کی خدمات کو سراہا جو خلائی سائنس میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں جس سے ترکی کا دوسرے ملکوں پر انحصار کم ہو رہا ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ 2030-2021 کے نیشنل اسپیس پروگرام کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکی نے اپنا 5A سیٹلائٹ آج امریکہ کی کمپنی اسپیس ایکس کی مدد سے خلا میں بھیجا گیاہے تاہم ترکی کوشش کر رہا ہے کہ خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کی ٹیکنالوجی حاصل کی جائے تاکہ خلائی سائنس میں مکمل خود کفالت حاصل کی جا سکے۔