turky-urdu-logo

لیبیا میں سیاسی مذاکرات کے عمل میں ترکی کا کلیدی کردار ہے، امریکی سفیر

لیبیا میں امریکہ کے سفیر رچرڈ نارلینڈ نے کہا ہے کہ لیبیا میں امن اور سیاسی مذاکرات کا عمل شروع کرنے میں ترکی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر لیبیا کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے اور سیاسی مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے میں ترکی نے اہم کردار ادا کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ متعدد بار مختلف گروپوں کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی گئیں تاہم اس کے باوجود لیبیا میں سیاسی مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا گیا۔ اس وقت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو بات چیت پر متفق کرنے میں ترکی نے بہترین کردار ادا کیا۔

رچرڈ نارلینڈ نے کہا کہ اپریل 2019 کے بعد جب لیبیا میں باغی ملیشیا کے حملوں میں تیزی آئی اس کے باوجود ترکی مذاکرات پر زور دیتا رہا اور بالآخر مسلح باغی ملیشیا کو بھی مذاکرات کی میز پر آنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ روسی حکومت کا ویگنر گروپ جو لیبیا میں پراکسی جنگ لڑ رہا ہے وہ سیاسی بات چیت کے موجودہ ماحول کو بگاڑنے کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن گیا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا وہ جلد ہی ترکی کا دورہ کریں گے جہاں وہ ترک اعلیٰ حکام سے ملیں گے۔ انہوں نے لیبیا کی تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم فائز السراج کے 21 اگست کے اعلان پر عمل کرتے ہوئے سیاسی عمل کا حصہ بنیں۔ لیبیا کے وزیراعظم نے 21 اگست کو ملک بھر میں فوج اور سیکیورٹی فورسز کے تمام آپریشنز کو روکنے اور سیز فائر کا حکم جاری کیا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں مصر میں ہونے والے اجلاس کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت لیبیا میں امن اور استحکام ضروری ہے۔ امریکی سفیر نے مصر اور ترکی کے درمیان مشاورت پر زور دیا تاکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوں اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔

Read Previous

بیسیکتاس فارورڈ نیئر حاجدوک سپلٹ میں شامل ہوگئے

Read Next

شام میں دہشت گردوں کے خلاف ترکی کے آپریشن کو ایک سال مکمل ہو گیا

Leave a Reply