
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ قوانین میں اصلاحات کا ایک پیکج جلد ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی گروپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوانین میں اصلاحات سے متعلق کئی قرار دادیں جلد ہی پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی۔ کئی قوانین میں اصلاحات سے متعلق مسودے تیار کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں کیونکہ ترکی اب 2023 کے نئے دور میں داخل ہونے والا ہے جب ترکی کئی بین الاقوامی پابندیوں سے آزاد ہو جائے گا۔
قوانین میں اصلاحات سے بنیادی حقوق کو تحفظ حاصل ہو گا اور معاشی اعتماد بڑھے گا جس سے ترک معیشت تیزی سے ترقی کرے گی۔ صدر ایردوان نے کہا کہ 2002 میں اقتدار میں آنے کے بعد کئی قوانین میں تبدیلی کی گئی لیکن اگر ضرورت ہوئی تو مستقبل میں مزید اصلاحات لائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ اصلاحات عدلیہ اور معاشی شعبے میں کی گئی ہیں۔ جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارتی کے سینٹرل ایگزیکٹو بورڈ نے اصلاحات کا جو مسودہ تیار کیا ہے وہ جلد ہی عوام کے لئے پیش کیا جائے گا۔