turky-urdu-logo

تُرکی میں وائرس فری سیاحت کا آغاز، سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی

تُرکی میں وائرس فری سیاحت کا آغاز ہو گیا ہے۔ مختلف سیاحتی مقامات کے 2000 ہوٹلز کو حکومت نے وائرس فری سرٹیفکٹس جاری کر دیئے ہیں جس کے بعد توقع ہے کہ آئندہ ہفتے سے یورپ اور دنیا بھر سے سیاح تُرکی آنا شروع ہو جائیں گے۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث پچھلے تین ماہ سے تُرکی میں سیاحت مکمل طور پر بند ہو گئی تھی۔ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کے باعث غیر ملکی سیاحوں اور دیگر لوگوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل تھی تاہم اب تُرکی میں سیاحت کی صنعت دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔

تُرک وزیر سیاحت محمد نوری ارسائے نے سیاحتی شہر انطالیہ میں ایک ریزورٹ سٹی کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ٹورازم سرٹیفکٹس کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد غیر ملکی سیاح کسی خوف کے بغیر یہاں آ کر لطف اندوز ہو سکیں گے۔ افتتاحی تقریب میں 50 سے زائد ممالک کے سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

وزیر سیاحت نے کہا کہ اب تک انطالیہ کے 400 ہوٹلز کو وائرس فری سرٹیفکٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ ان ہوٹلز نے حکومت کی طرف سے عائد کی گئیں 132 احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا شروع کر دیا ہے جس کے بعد ہیلتھ ٹورازم سرٹیفکٹس جاری کئے جا رہے ہیں۔ حکومت سیاحت کی صنعت کو فوری طور پر بحآل کرنا چاہتی ہے تاکہ معیشت کو معمول پر لانے کا عمل شروع ہو۔

تُرک حکومت نے دنیا کی 50 بڑی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں جو تُرکی میں سیاحت کے شعبے میں وائرس فری ماحول کو نافذ کرنے میں مدد کر رہی ہیں۔ تُرک حکومت جلد ہی دنیا کے 70 ممالک سے رابطہ کرے گی جس میں انہیں سیاحت کے شعبے میں کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر بریفنگ دی جائے گی تاکہ یہ ممالک اپنے شہریوں کو تُرکی جانے کی اجازت دے سکیں۔

تُرک وزیر سیاحت نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں جو اصلاحات کی جارہی ہیں اور صحت سے متعلق جو قوانین بنائے گئے ہیں وہ یورپ کے مقابلے میں کہیں بہتر ہیں۔

تُرک حکومت نے ہیلتھ ٹورازم سرٹفکیٹس پروگرام میں دیگر تمام اہم وزارتوں کو بھی شامل کیا ہے تاکہ تمام وزارتیں آپس میں قریبی تعاون سے غیر ملکی سیاحوں کو بہتر سروسز فراہم کر سکیں۔

پچھلے ہفتے مختلف ممالک سے سیاحوں کی تُرکی آمد شروع ہو گئی ہے تاہم امید ہے کہ آئندہ ہفتے سے دیگر ممالک سے بھی سیاح آنا شروع ہو جائیں گے۔ تُرک وزیر سیاحت نے امید ظاہر کی جولائی میں پورے ملک کے سیاحتی مقامات کو کھول دیا جائے گا۔ ابھی تُرک حکومت نے محدود پیمانے پر بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دی ہے جیسے ہی دنیا بھر سے غیر ملکی پروازوں کو اجازت ملے گی ویسے ہی پورے ملک کی سیاحت کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

Read Previous

ایران کا نیوکلیئر پروگرام خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے، اسرائیلی فوج

Read Next

امریکہ: جنگ کے میدان کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل بم کا کامیاب تجربہ

Leave a Reply