ترک وزیر دفاع حولوسی آقار نے کہا ہے کہ ترکیہ نے نیٹو میں اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔اور وہ مستقبل میں بھی یہ کام جاری رکھے گا۔
انہوں نے گذشتہ روز یہاں نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے ایک حصے کے طور پر نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ کے ساتھ علاقائی دفاع اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسٹولٹن برگ نے زور دیا کہ انقرہ نیٹو میں ایک اہم اتحادی ہے۔
انہوں نے اناج راہداری کے معاہدے، عالمی خوراک کے بحران کے حل اور قیدیوں کے تبادلے میں ترکیہ کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔
حولوسی آقار نے یوکرین کے دفاعی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
جس میں انہوں نےیوکرین کی حمایت اور جنگ بندی کی کوششوں کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پرامریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی ترکیہ کے تعاون پرحولوسی آقار کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر دفاع حولوسی آقار نے اپنے سویڈش، یوکرین اور فن لینڈ کے ہم منصبوں سے بھی ملاقات کی۔
فن لینڈ کے وزیر دفاع انٹی کیکونن کے ساتھ ملاقات میں حولوسی آقار نے کہا کہ امید ہے کہ ہیلسنکی میڈرڈ میں دستخط شدہ سہ فریقی یادداشت کے تحت اپنے وعدوں کو پورا کرے گا اور ٹھوس اقدامات کرے گا۔
