turky-urdu-logo

ترکی ایک وفادار دوست اور اہم اتحادی ہے، عبدالحمید لیبیا کے قائم مقام وزیراعظم

لیبیا کے قائم مقام وزیراعظم عبدالحمید نے کہا ہے کہ ترکی ایک وفادار دوست اور اہم اتحادی ہے۔ ترکی کی مدد سے جنگ سے تبال حال لیبیا کی تعمیر نو اور امن کو قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لیبیا کی نئی قائم مقام حکومت امن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جا سکے۔ واضح رہے کہ لیبیا میں آئندہ سال عام انتخابات کے لئے نئی قائم مقام حکومت نے حلف اٹھا لیا ہے۔

ترکی سمیت دنیا بھر کے ممالک اور اقوام متحدہ نے نئی حکومت کے قیام کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ قائم مقام حکومت عام انتخابات کے لئے راہ ہموار کرے گی تاکہ لیبیا کے لوگ اپنے مستقبل کی جمہوری حکومت کو منتخب کر سکیں۔

سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں محمد یونس مینفی کو لیبیا کا قائم مقام صدر بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔

عبدالحمید نے کہا کہ قائم مقام حکومت عوام کی بہترین خدمت کی پوری کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے وزرا کو بھی نئی قائم مقام حکومت میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایک ٹیکنوکریٹ حکومت ہے جو آئندہ سال کے عام انتخابات تک ملک کا نظم و نسق چلائے گی۔

حکومت کی پہلی ترجیح کورونا وائرس کی وبا سے لوگوں کو بچانا اور انہیں ویکسین فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ زندگی کی مشکلات پر قابو پانے کے لئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ صحت عامہ کے شعبے کو فعال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پریذیڈنسی کونسل کی مشاورت سے مختلف کمیٹیاں بنائی جا رہی ہیں جو ملک کے آئین کا ایک نیا مسودہ بھی تیار کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ترک حکومت اور عوام کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ ترکی لیبیا کا ایک وفادار دوست اور اہم اتحادی ہے اور ترکی کی مدد سے لیبیا کی تعمیر نو کی جائے گی۔ ترکی نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور لیبیا میں امن کے لئے ترکی کی کوششوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔

Read Previous

ترکش ڈاکٹرز نے آئی جی ایم بیماری کا اعلاج ڈھونڈ لیا

Read Next

پاکستانی کوہ پیما علی سد پارہ اور ٹیم کا سراغ نا مل سکا

Leave a Reply