
ترکی کے وزیر دفاع ہلوسی آکار نے خبردار کیا ہے کہ ہمارے ہمسائے ترکی کے صبر اور دفاعی صلاحیت کو آزمانے کی کوشش نہ کریں۔
انقرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہلوسی آکار نے کہا کہ مشرقی بحیرہ روم کا حل صرف اور صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اگر ایسا نہ ہو سکا تو پھر ترکی ہر خطرے سے نمٹنے کے لئے بالکل تیار ہے۔
مشرقی بحیرہ روم میں ترک سمندری حدود بالکل واضح ہیں لہذا کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ترکی کے حقوق کو غصب کر سکے۔
انہوں نے یونان اور دیگر ممالک کو خبردار کیا کہ ترکی کی دفاعی صلاحیت کو آزمانے کی کوشش نہ کی جائے۔ ترک فوج اور ترک عوام ہر خطرے سے نمٹنے کے لئے بالکل تیار ہے۔
ہلوسی آکار نے کہا کہ ترکی نے یونان کے وزیر دفاع کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اب یہ یونان پر منحصر ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کرتا ہے۔ آیا وہ بات چیت پر آمادہ ہیں یا کچھ اور سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کسی بھی ملک کے قانونی حق کو غصب نہیں کرنا چاہتا لیکن اپنے حق سے بھی کسی صورت دستبردار نہیں ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر ترکی ایک عسکری اور سیاسی قوت بن گیا ہے لہذا کسی کو خوابوں کی دنیا میں نہیں رہنا چاہیے۔
ترک وزیر دفاع نے کہا کہ 2015 سے اب تک 17،200 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ لیبیا میں ترکی انسانی ہمدردی کے تحت کام کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔