
ترکی کے جنوب مشرقی صوبے گیزینتب کے ایک نجی اسپتال میں آتشزدگی سے 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ آگ سینکو یونیورسٹی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں صبح پونے پانچ بجے لگی۔
آگ سے متاثرہ دیگر افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترک وزیر صحت فر حتین کوکا نے کہا کہ اسپتال میں لگنے والی آگ سے اب تک 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ آگ کورونا وائرس کے مریضوں کو لگائی جانے والی ہائی فلو آکسیجن تھراپی مشین کے ذریعے لگی۔
مرنے والے افراد کی عمریں 56 سے 85 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت پہنچ کر مختصر مدت میں آگ پر قابو پا لیا۔
آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ آگ لگنے کے واقعے کے بعد اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان، اسپیکر پارلیمنٹ مصطفیٰ شینتوپ نے واقعے پر افسوس اور گہرے دکھ کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی۔