ترکی آج اپنا 97 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے اس سلسلے میں تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
دارالحکومت انقرہ میں پہلی تقریب کا انعقاد مزار اتاترک پر ہو گا۔ صدر رجب طیب ایردوان اپنے وفد کے ہمراہ مزارِ اتاترک پر حاضری دیں گے اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
اس کے بعد صدارتی سوشل کمپلیکس میں تقریبات جاری رہیں گی۔ یہاں صدر ایردوان 29 اکتوبر یومِ جمہوریہ کی مبارکبادیں قبول کریں گے۔ توقع ہے کہ صدر ایردوان اس تاریح ساز دن کی مناسبت سے بیش تیپے میں ” ملّی جدوجہد نمائش” کا بھی افتتاح کریں گے۔
یوم جمہوریہ ترکی کے تمام صوبوں سمیت بیرون ملک ترک دفاتر میں منایا جائے گا۔
دارالحکومت میں “یومِ جمہوریہ پریڈ” منعقد ہو گی ۔ پریڈ قومی اسمبلی سے شروع ہو گی اور اسمبلی کی پہلی عمارت کے سامنے اختتام پذیر ہو گی۔پریڈ سے پہلے بینڈ مظاہرہ کیا جائے گا۔
تقریبات کی وجہ سے دارالحکومت انقرہ میں بعض مرکزی شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا جائے گا۔ تقریبات کے سلسلے میں وزارت مواصلات کے زیر انتظام انطالیہ پاتارا تاریخی شہر میں صدارتی آرکسٹرا مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 23 منٹ پر گرینڈ جمہوریت کانسرٹ پیش کرے گا اور بحیرہ روم میں 97 غوطہ خوروں کی شرکت سے زیرِ آب روشنیوں کا مظاہرہ کیا جائے گا۔