ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار نے کہا ہے کہ ترکی مشرقی بحیرہ روم میں مسلح تنازعہ نہیں چاہتا۔ سمندر میں قدرتی وسائل کی تلاش بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔
صوبہ ایسکیزیر میں ایئر آپریشن کا معائنہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر دفاع نے کہا کہ ترکی کسی ملک کو نہ دھمکیاں دے رہا ہے اور نہ ہی کسی طرح کا مسلح تصادم چاہتا ہے۔
مشرقی بحیرہ روم میں تیل و گیس کی تلاش بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔
یونانی قبرص پر اسلحے کی خریداری پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کے امریکی فیصلے پر ہلوسی آکار نے کہا کہ اس اقدام سے تنازعہ اور ڈیڈ لاک پیدا ہو جائے گا اور خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا یونان اور مصر کے درمیان سمندری حدود کا معاہدہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس معاہدے سے ترک مفادات کو نقصان پہنچے گا لیکن ترکی کسی صورت اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہو گا۔