
ترک وزیر دفاع ہلوسی آکار نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک آذربائیجان کے شہریوں پر حملے کی قیمت آرمینیا کو ہر صورت چکانی پڑے گی۔
انقرہ میں ترک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نئے تعلیمی سال کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہلوسی آکار نے کہا کہ آذربائیجان کے گنجان آباد شہر گانجا پر آرمینیا کا حملہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ یہ نہ صرف دونوں ملکوں ک درمیان جنگ بندی معاہدے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن آرمینیا کو بین الاقوامی قوانین اور تاریخ میں اس جارحیت کی قیمت ادا کرنے پڑے گی۔
نئے تعلیمی سال کی افتتاحی تقریب کی صدارت ترکی میں آذربائیجان کے سفیر خضر ابراہیم نے کی۔ ہلوسی آکار نے کہا کہ آذربائیجان اور ترکی دو الگ ملک لیکن ایک قوم ہیں۔ آذربائیجان کے سفیر کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ترکی اپنے برادر اسلامی ملک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔