
پاکستان کے صوبے خیبر پختون خوا میں پیدا ہونے والے عبدالرحمان کو دنیا آج ترک لالا پشاوری کے نام سے جانتی ہے
خلافت عثمانیہ اور ترکوں سے محبت عبدالرحمان کو پشاور سے ترکی لے گئی۔ ترکی کی جنگ آزادی میں عبدالرحمان نے جس شجاعت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اس پر ترک قوم انہیں ترک لالا پشاوری کے نام سے پکارتی ہے۔
ڈرامہ سیریل ارطغرل اور کورولوش عثمان کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان اور ترکی نے ترک لالا پشاوری پر مشترکہ ڈرامہ سیریل بنانے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی انصاری فلمز اور ترک تکیدن پروڈکشنز ٹیم ان دنوں ترکی میں موجود ہے۔ لالا پشاوری ڈرامہ سیریل میں حصہ لینے والے پاکستانی فنکاروں نے انصاری فلمز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاشف انصاری کے ہمراہ عبدالرحمان عرف ترک لالا پشاوری کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
انصاری فلمز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاشف انصاری نے کہا کہ ارطغرل غازی نے تاریخ میں جو کردار ادا کیا وہ کم ہی لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد ارطغرل غازی کی عظیم جدوجہد کو سلامی پیش کرنے ان کے مزار پر آیا ہے۔
اس موقع پر ارطغرل غازی اور عثمان کورولوش ڈرامہ سیریلز کے ڈائریکٹر اور رائٹر کمال تکیدن نے کہا کہ ترک لالا پشاوری کی زندگی پر ڈرامہ سیریل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وہ پاکستان اور ترکی کے مضبوط بھائی چارے کی ایک علامت ہیں۔ ترک لالا نے اپنے آپ کو ہمیشہ ترک ہی سمجھا اسی لئے وہ ترک پاکستانی ہیں۔ ایک عظیم شخصیت کے مالک ترک لالا نے ترکی کی آزادی کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے
ترکوں سے اپنی محبت کا عملی مظاہرہ کیا۔ ترک لالا پشاوری نے 1925 میں جام شہادت نوش کیا
پاکستانی اداکارہ ریما نے کہا کہ ترکوں نے اپنی روایتی مہمان نوازی سے ہمارا استقبال کیا۔ ڈرامہ سیریل ترک لالا پشاوری دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے میں مزید اضافہ کرے گی۔ دونوں ملکوں کی نوجوان نسل کو ایسے ہیروز کی زندگی کے بارے میں معلومات ہونی چاہیئں۔
پاکستانی فنکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ ارطغرل غازی اور کورولوش عثمان نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ترک لالا پشاوری بھی ایک بہترین پروڈکشن ثابت ہو گی۔ مجھے اس پروجیکٹ میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کرنا اچھا لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی ترکی آتے ہیں تو یہاں کی مہمان نوازی کو خوب انجوائے کرتے ہیں۔ دونوں ملکوں کی محبت کی دنیا میں مثال ملنا ممکن نہیں ہے۔
پاکستانی فنکاروں نے خلافت عثمانیہ کے بانی عثمان کے والد ارطغرل کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی
استنبول کے اسکودر علاقے کے میئر نے پاکستانی فنکاروں کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا
ڈرامہ سیریل میں ترک لالا کا کردار ترک اداکار جلال آل ادا کریں گے۔
پاکستانی وفد نے ترک وزیر یوتھ اینڈ سپورٹس محمد محرم سے بھی ملاقات کی۔
ترک وزیر ثقافت و سیاحت محمد نوری نے بھی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
استنبول کے گورنر علی یرلی کایا نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک لالا پشاوری ترکوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ گورنر استنبول نے ترک لالا پشاوری پر ڈرامہ سیریل بنانے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گی