امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس سال کرسمس پر افغانستان سے 2500 فوجی وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے بہادر مرد اور خواتین فوجی محدود تعداد میں افغانستان میں رہیں گی۔
صدر ٹرمپ کا بیان نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر رابرٹ او برائن کے اس اعلان کے بعد آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 2021 کے اوائل میں امریکہ افغانستان میں اپنی فوج کی تعداد میں 2500 فوجیوں کی کمی کر دے گا۔
انہوں نے کہا جس وقت صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالا تھا افغانستان میں 10 ہزار امریکی فوجی تھے جو اب کم ہو کر 5 ہزار رہ گئے ہیں۔
تاہم ان میں سے نصف اس سال کرسمس پر واپس آ جائیں گے۔ صدر ٹرمپ کئی بار اس بات کا دہرا چکے ہیں کہ جنگ زدہ ممالک سے امریکہ اپنی فوجیں واپس بلا لے گا۔
امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے بعد کیا گیا۔ اس وقت طالبان افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحا میں کر رہے ہیں۔