ترکش ایئر لائنز نے امریکہ کی بوئنگ کمپنی اور یورپ کی ایئر بس سے نئے طیاروں کی خریداری چار سال کے لئے موٗخر کر دی ہے۔
کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر مراد شکر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے طیاروں کی خریداری موٗخر ہونے سے مالیاتی بوجھ میں کمی آئے گی۔
ترکش ایئر لائنز نے نئے طیاروں کی خریداری کے لئے بینک قرضوں کا حصول بھی موٗخر کر دیا ہے۔
کمپنی نے ایئر بس اور بوئنگ سے مجموعی طور پر 50 نئے مسافر طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم اب کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے طیاروں کی ڈیلیوری 2024 کے بعد لی جائے گی۔
کمپنی نے نئے طیاروں کی خریداری کے لئے بینکوں سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب کمپنی نے فی الحال نئے قرضوں کے تمام معاہدے بھی منسوخ کر دیئے ہیں۔
اس مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ترکش ایئر لائنز کو 95 کروڑ ترکش لیرا کا خسارہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی کا منافع 3.71 ارب ترکش لیرا تھا۔
ترکش ایئر لائنز کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا میں ایک بار پھر تیزی کے بعد فضائی سفر میں کمی آ رہی ہے۔ یورپ اور امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس دوبارہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں فضائی سفر پر دوبارہ پابندیاں عائد نہ ہو جائیں۔