صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی کو پابندیوں سے ڈرانے دھمکانے والوں کو بالاآخر مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
دنیا میں کوئی بھی ملک ترکی کو اس کے خود مختاری کے حقوق سے دستبردار نہیں کروا سکتا۔ استنبول کے صدارتی محل سے ہائی وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی دنیا کے مختلف براعظموں کے درمیان تجارت کا مرکز بن چکا ہے جس کا فائدہ 8 کروڑ 30 لاکھ ترک عوام کو پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ترکی غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا مرکز ہو گا۔
اس موقع پر صدر ایردوان نے جنوب مشرقی صوبے گیزینتب کے سینکو یونیورسٹی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے 9 افراد کے لواحقین سے افسوس اور تعزیت کی۔ صدر ایردوان نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔