
صدر رجب طیب ایردوان نے 2023 کے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تائید اور حمایت سے اگلا الیکشن بھی جیتیں گے۔
استنبول کے صدارتی محل سے ناردن مارمرا ہائی وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ملکی ترقی میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں تاہم بڑے منصوبے 2023 تک ہر صورت مکمل کر لئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 عوام کا سال ہو گا۔ اگلے الیکشن میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کو کسی دوسری سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں رہے گی۔
صدر ایردوان نے کہا کہ 2023 میں لوزان کا معاہدہ ختم ہو رہا ہے اور ترکی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔ پوری ترک عوام کی نظریں 2023 پر لگی ہیں جب ترکی بہت سی عالمی پابندیوں سے آزاد ہو جائے گا۔