turky-urdu-logo

آزادی اظہار کے نام پر قرآن کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے، صدر ایردوان

صدارتی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ جس طرح کسی گرجا گھر، عبادت گاہ یا کسی دوسرے عقیدے کی عبادت گاہ کو آگ لگانا آزادی نہیں ہے اسی طرح قرآن پاک کی بے حرمتی بھی آزادی رائے نہیں ہو سکتی۔

ترکیہ بحرانوں کے حل میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے:

حالیہ عید الاضحی کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے صدر ایردوان نے نوٹ کیا کہ انہوں نے عید کے موقع پر 21 ممالک کے رہنماؤں سے فون پر بات کی۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ روس-یوکرین کی جنگ سے لے کر سوڈان کے تنازع تک عالمی سلامتی سے متعلق ہر مسئلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ترکیہ ہر مسئلے کا حل نکالنے میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہا ہے۔

روس یوکرین جنگ:

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں صدر ایردوان نے کہا کہ انقرہ نے علاقائی امن کے قیام کے لیے جدوجہد کی ہے اور خطے میں تنازع کی چنگاری کوپھیلنے نہیں دیا۔

گزشتہ جولائی میں، ترکیہ، اقوام متحدہ، روس اور یوکرین نے استنبول میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے تاکہ یوکرین کے بحیرہ اسود کی تین بندرگاہوں سے اناج کی برآمدات دوبارہ شروع کی جائیں، جو فروری 2022 میں روس-یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد روک دی گئی تھیں۔

ترسیل کی نگرانی کے لیے استنبول میں تینوں ممالک اور اقوام متحدہ کے حکام کے ساتھ ایک مشترکہ رابطہ مرکز قائم کیا گیا تھا۔

قرآن پاک کی بے حرمتی:

صدر ایردوان نے گزشتہ ہفتے سٹاک ہوم میں قرآن مجید کو جلانے کی حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں ہماری مقدس کتاب قرآن مجید پر بزدلانہ حملے نے ہم سب کو غصہ میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے اور بنیادی انسانی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا۔

صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ یہ نفرت انگیز جرائم ہیں جو اسلامو فوبیا کی وجہ سے ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی مقدس اقدار پر حملوں کو آزادی فکر کے طور پر بیان نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جس طرح کسی چرچ، عبادت گاہ یا کسی دوسرے عقیدے کے مندر کو آگ لگانا آزادی نہیں ہے اسی طرح قرآن کو جلانے کی بھی آزادی نہیں ہو سکتی۔

صدر ایردوان نے مغرب کی جانب سے ایسے جرائم کے خلاف جنگ میں کوئی قدم نہ اٹھانے پر بھی تنقید کی۔

گزشتہ ہفتے ایک شخص نے سویڈن کی سٹاک ہوم سنٹرل مسجد کے سامنے پولیس کی حفاظت میں مسلمانوں کی مقدس کتاب کا نسخہ جلا دیا۔

اس نے یہ حرکت عید الاضحی کے موقع پر کی جو کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کی طرف سے منائے جانے والے بڑے اسلامی مذہبی تہواروں میں سے ایک ہے۔

اس ایکٹ کی ترکیہ، اردن، فلسطین، سعودی عرب، مراکش، عراق، ایران، پاکستان، سینیگال، مراکش اور موریطانیہ سمیت پوری اسلامی دنیا سے بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔

صدر ایردوان نے زور دے کر کہا کہ نسل پرستانہ دہشت گردانہ حملے نہ صرف مسلمانوں بلکہ یہودیوں، افریقیوں، ایشیائیوں اور تارکین وطن کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایک بار پھر اس جہاز کی تباہی کا مشاہدہ کیا جس نے گزشتہ ماہ سینکڑوں پناہ گزینوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس سے قبل صدر ایردوان نے کہا تھا کہ سویڈن نیٹو میں شامل ہونے کی امید نہیں کر سکتا – جس کے لیے اس نے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ شروع ہونے کے بعد درخواست دی تھی – جب تک کہ وہ دہشت گردوں اور دہشت گردوں کے حامیوں کو پناہ فراہم کرنے اور انکا ساتھ دینے سے رک نہیں جاتا۔

نیٹو میں شامل ہونے کے لیے، سویڈن کو ترکیہ سمیت اپنے تمام موجودہ اراکین کی منظوری درکار ہے، جو 70 سال سے زیادہ عرصے سے اس اتحاد میں شامل ہے ۔

Read Previous

دس سال بعد ترکیہ اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات استوار

Read Next

ترک پریزیڈینسی نے پاکستان میں 1 لاکھ مستحق خاندانوں میں قربانی کے عطیات سینڈ کیے

Leave a Reply