
پاکستانی سفاتخانے کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کا کام جاری ہے۔
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور سفارتخانہ پاکستان کے عملے نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پیکنگ میں حصہ لیا۔
انقرہ میں چانکایہ بلدیہ کے کلیکشن پوائنٹ کا دورہ کرتے ہوئے زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے پیکجز متعلقہ حکام کے حوالے کیے گئے۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید ، سفارتکاروں، عملے اور پاکستان قونصلیٹ استنبول کے عملے کی جانب سے جمع کیے جانے والے 100 عدد امدادی پیکٹس کو چانکایہ بلدیہ کے ڈپٹی میئر مسلم تیکن کے حوالے کیا گیا۔
امدادی اشیاء میں جیکٹس، جوتے، کھانے پینے کی اشیاء، پانی، بچوں کی خوراک، ڈائپر اور سینیٹری کی اشیاء شامل ہیں۔
مزید امدادی سامان آج انقرہ میں جمع کرنے والے دیگر مقامات پر تقسیم کیا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا تھا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔
پاک ترکیہ دو ملک ایک قوم ہیں ، ہم ایک دوسرے کا درد محسوس کرتے ہیں ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ آج پاکستان میں نمازِ جمعہ میں ترک بھائیوں کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تمام رکاوٹوں پر قابو پانے اور تمام چیلنجز کو شکست دینے کے روایتی ترک جذبے کے ساتھ ترک قوم اس تباہی سے پہلے سے زیادہ مضبوطی سے باہر نکلے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔