فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے دنیا کے تیسرے امیر ترین آدمی ہونے کا دور تب اختتام پزیر ہوا جب ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے اثاثے اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنج گئے۔
اس سال کے آغاز کے بعد سے اپنی دولت میں چوگنے سے زیادہ اضافے کے بعد ایلون مسک دنیا کے تیسرے امیر ترین فرد بن گئے ہیں۔ ان کے اثاثے 115 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔
ارب پتی افراد کے اشاریے بلوم برگ بلینیئر انڈیکس کے مطابق دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس اور دوسرے نمبر پر مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کے بعد مطابق ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے اپنی ذاتی دولت میں 11 ارب 70 کروڑ ڈالر کے اضافے کے بعد فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
زکربرگ حال ہی میں سینٹی بلینئیرز کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں ۔ یاد رہے سینٹی بلینئیر سے مراد وہ شحص ہے جس کے اثاثے 100 بلین ڈالرز سے زیادہ ہوں۔
اس اشاریے پر اب صرف ایمازون کمپنی کے بانی جیف بیزوس اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہی ایلون مسک سے آگے ہیں۔ دنیا کے ان چار مالدار ترین افراد کی مشترکہ دولت 500 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
ان چاروں امریکی ارب پتیوں کی دولت میں کرونا (کورونا) وائرس کی وبا کے دوران زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، کیوں کہ اس دوران عمومی رجحان کے برخلاف ان کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
ان کے علاوہ اگر گوگل کے بانی لیری پیج اور سرگے برن اور مائیکروسافٹ کے سابق سی ای او سٹیو بالمر کو بھی شامل کر لیا جائے تو ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والے یہ ساتوں ارب پتی دنیا کے دس مالدار ترین افراد کی فہرست میں جگہ بنا لیتے ہیں۔