
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے قہرامانماراش اور مجموعی طور پر 10 شہروں کو متاثر کرنے والے 7.4 کی شدت کے ہولناک زلزلے کے بعد صدر رجب طیب ایردوان کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
آذربائیجانی ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق علی یوف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قہرامانماراش میں آنے والے زلزلے کے اثرات برادر ملک ترکیہ کے بیشتر علاقوں میں محسوس کیے گئے ، جسکے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان کی خبروں نے ہمیں دلی صدمہ پہنچایا ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے برادر ملک کی ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہیں ۔
آذربائیجان کے وزیر دفاع نے بھی وزیرِ دفاع حلوصی آقار کو زلزلے میں اموات پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر شائع ہونے والے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے خاندانوں اور رشتہ داروں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ آذربائیجان ہمیشہ ترکیہ کے شانہ بشانہ ہے۔
شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر ایرسین تاتار نے بھی کہا کہ قبرصی ترک عوام ترکیہ کے درد میں برابر کے شریک ہیں ، ہماری دعا ہے کہ اس قدرتی آفت میں جانی نقصان کم سے کم ہو۔
انکا کہنا تھا کہ میں اپنی اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے شہریوں کی طرف سے انتہائی دکھ و درد اور افسوس کے ساتھ پیغام دیتا ہوں کہ اللہ کریم ہم سب پر رحم کرے اور زخمیوں کو فی الفور صحت یاب فرمائے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ٹویٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقوں کو متاثر کرنےو الے اس شدید زلزلے کی اطلاع نے ہمیں سخت دھچکہ دیا ہے۔ جانی و مالی نقصان کی بنا پر میں برادرم صدر رجب طیب ایردوان اور برادر ترک عوام سے دل کی گہرائیوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ۔
انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کی جانب اپنا امدادی ہاتھ بڑھایا ہے، پاکستان بھی اس مشکل وقت میں ہر ممکنہ امداد فراہم کرے گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی حالت میں ہے اوراسلام آباد امدادی امور میں ممکنہ حد تک ہاتھ بٹائے گا۔
قازقستان کے صدر قاسم جومرت توکایف نے بھی صدر ایردوان کو زلزلے میں جان سے ہاتھ دھونے والوں کے لیے تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
توکایف نے کہا کہ قازقستان ترکیہ کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی زلزلے میں جانیں گنوانے والوں کے لیے تعزیت کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل، ترکیہ کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ہنگری کے صدر کاتالین نوواک، سویڈش وزیر خارجہ توبیاس بلسٹروم، لاٹویا کے وزیر خارجہ ایڈگرس رنکیوکس، فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا، اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی، اطالوی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ انتونیو تاجانی، ڈچ وزیر خارجہ مارک روٹ، ڈچ وزیر خارجہ ووپک ہوکسٹرا اور جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیت کے پیغامات جاری کیے ہیں، جس میں زلزلے میں جانیں گنوانے والوں کے اہل خانہ اور ان کےعزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے اور ترکیہ کی مدد کے لیے تیار ہونے کا کہا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے یورپ کے ڈائریکٹر ہنس کلوگ نے بھی ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں ترکیہ اورشام میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔