
زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجتی کے لیے ایران کا مشہور میلاد ٹاور ترکیہ اور شام کے پرچموں کے رنگوں سے جگمگا اٹھا۔
تہران میونسپلٹی نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ایرانی حکومت نے میلاد ٹاور کی تصاویر جاری کیں جس کے اگلے حصے میں ترکیہ اور شام کے جھنڈے نصب ہیں۔
میلاد ٹاور چھٹا سب سے اونچا ٹاور اور دنیا کا 17 واں بلند ترین فری اسٹینڈنگ اسٹرکچر ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ زلزلے کے بعد دنیا بھر سے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران بھی ان ممالک میں شامل ہے جس نے ترکیہ کو زلزلے کے فوری بعد امداد پہنچائی تھی اور ایران کی ریسکیو ٹیم ابھی بھی وہاں موجود متاثرین کی مدد کر رہی ہے ۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے گزشتہ ہفتے 1979 کے انقلاب کی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک عوامی ریلی کے دوران اپنی تقریر میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کی مدد کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔
جبکہ ترک وزیر خارجہ کی جانب سے ایران کی طرف سے دی گئی امداد کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ہے