
قطر نے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کے لیے 1400 موبائل گھر بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی۔
دوحہ میں ترکیہ کے سفیر مصطفی گوکسو نے میڈیا کو بتایا کہ 6 جہازوں پر 1400 موبائل ہومز کی نئی کھیپ زلزلہ متاثرین کے لیے ترکیہ روانہ کی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ ترک سفارتخانہ قطر فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ تعاون کر رہا ہے تاکہ جلد از جلد تمام موبائل ہومز ترکیہ پہنچا دیے جائیں۔
قطر نے ترکیہ اور شام میں آنے والے شدید زلزلوں کے متاثرین کے لیے 10 ہزار گھر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
306 مکمل طور پر لیس گھروں کی پہلی کھیپ 12 فروری کو ترکیہ پہنچی۔
ترک سفارتکار کا کہنا تھا کہ ترکیہ کو فوری امدادی سامان لے جانے والے قطری طیاروں کی تعداد اب تک 40 تک پہنچ چکی ہے۔
تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 6 فروری کو جنوبی ترکیہ میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں میں کم از کم 41 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 1 لاکھ 8 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
7.7 اور 7.6 شدت کے زلزلوں کا مرکز قہرمانماراش صوبے میں تھا، جس نے 11 شہروں میں 13 ملین سے زیادہ افراد کو متاثر کیا، جن میں ادانا، آدیامان، دیار باقر، غازینتپ، حطائے، کلیس، ملاتیا، عثمانیہ، الازیگ اور سانلیورفا شامل ہیں۔
شام میں مہلک زلزلوں میں کم از کم 5 ہزار 8 سو 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں دوبارہ 6.4 کا زلزلہ آیا جس میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے دوست ممالک سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔