انتالیا ترک سیاحت کا دل ہے ہر سال لاکھوں سیاح دنیا کے نامور مقامات سے لطف اندوز ہونے اس جنوب ساحلی علاقے کا رخ کرتے ہیں ۔ یہاں تک کہ جب کورونا وبا کے پھیلاو کے بعد پوری دنیا میں سیاحت بند ہو کر رہ گئی تھی تب بھی 7.25 ملین سیاح ترکی آئے۔ ہمیشہ کی طرح استنبول اور انتالیا میں سب سے زیادہ تعداد میں سیاح آئے۔
اپنے متعدد قدیم شہروں ، طلسماتی ساحل ، چہل پہل سے بھرپور شہروں اور عالمی سطح کے ریزورٹس کے لئے مشہور انتالیا ترکی آنے والے سیاحوں کے لئے ایک قابل دید امقام ہے۔ انتالیا میں سیر و تفریح کے بے شمار مقامات کی بدولت یہاں سے اکتاجانا قدرےمشکل ہے۔
کئی بار انتالیا کا دورہ کرنے کے بعد دو چیزیں جو میں نے بدستور دیکھیں ایک تو انطالیہ شہر کی آمد کا اشارہ دیکھ کر جوش و خروش جو حیرت انگیز مقامات کی نوید سناتا ہے اور دوسرا لا تعداد سیاحتی مقامات۔ انہی میں سے ایک مقام تازی وادی ہے جسے “گرینڈ کینین آف انتالیا “بھی کہا جاتا ہے۔
تازی وادی کوپرولو کینین نیشنل پارک میں واقع ہے ، جو نا صرف انتالیا بلکہ پورے ترکی میں رافٹنگ کے لئے ایک اہم مقام ہے۔ ہر روز ، سینکڑوں سیاح دریائے کوپروچے پر رافٹنگ کرتے ہیں۔ دریا میں بہنے والا موتی جیسا پانی پہاڑوں سے آتا ہے جہاں رافٹنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
تازی وادی کس طرح مقبول ہوئی یہ بھی ایک دلچسپ کہانی ہے۔ اگرچہ اس وادی کی تصاویر 2017 سے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے لگیں تھیں ، لیکن اس وادی کو حقیقی معنوں میں مقبولیت فروری 2019 میں چینی اسمارٹ فون برانڈ ہواوے کی اس مقام پر ایک کمرشل شوٹ کرنے کے بعد ملی۔
اگرچہ یہ وادی کوپرولو کینین رافٹنگ سینٹر سے صرف 13 کلو میٹر (8 میل) شمال میں واقع ہے ،لیکن اس سحر انگیز وادی کو ابھی بھی اپنی مستحقہ شہرت نہیں ملی ۔ تازی وادی کا اہم حصہ صوبہ انتالیا میں واقع ہے۔ تاہم ، وادی کا ایک چھوٹا سا حصہ اسپارتا کے باڈر کو بھی لگتا ہے ۔