ضلع ٹانک میں 23 اور 24 جولائی 2026 کی درمیانی شب مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تاہم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا
سرکاری اعلامیہ کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی میں نقب لگانے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ان کے عزائم ناکام بنائے بلکہ فرار ہونے والے شدت پسندوں کا تعاقب بھی کیا اس کارروائی کے دوران 12 حملہ آور مارے گئے
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ابتدائی حملہ ناکام ہونے کے بعد حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی جس سے زور دار دھماکا ہوا دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا
اس حملے میں مجموعی طور پر 15 اہلکار شہید ہوئے جن میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شامل ہے
حکام کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود کسی بھی ممکنہ شدت پسند عناصر کا سراغ لگا کر اسے گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں شدت پسندی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے بیان میں شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ شدت پسندی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے
