مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی حالیہ شدت پسند حملوں کے بعد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد کیا گیا جبکہ ان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد دیگر مبینہ شدت پسند زخمی بھی ہوئے تاہم ان کی تعداد یا شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں
شدت پسندوں کی مبینہ سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ برقرار رکھا ہوا ہے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ شدت پسندی کے واقعات کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے ان کا کہنا ہے کہ شدت پسندی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی
