Turkiya-Logo-top

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے پہلے کمانڈر مقرر

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا پہلا کمانڈر مقرر کر دیا ہے
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جنرل عامر رضا کو لیفٹیننٹ جنرل سے فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے ساتھ ہی نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کمانڈر مقرر کیا۔ وزیراعظم نے انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اہم قومی فریضہ انجام دینے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا

جنرل عامر رضا کا عسکری کیریئر تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے 1988 میں 6 لانسرز میں کمیشن حاصل کر کے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔ اپنے پیشہ ورانہ سفر کے دوران انہوں نے 6 لانسرز، ایک آرمرڈ بریگیڈ، جنوبی وزیرستان میں ایک انفنٹری بریگیڈ اور ایک انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔

اسٹاف تقرریوں کے دوران وہ بریگیڈ میجر، چیف آف جنرل اسٹاف برانچ میں جی ایس او-2، ایک اسٹرائیک کور کے چیف آف اسٹاف اور ڈائریکٹوریٹ آف ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

تربیتی شعبے میں بھی جنرل عامر رضا نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ اسکول آف آرمر اینڈ مکینائزڈ وارفیئر میں انسٹرکٹر، ڈائریکٹر FORADS اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں چیف انسٹرکٹر کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

28 اپریل 2020 کو انہوں نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کمان سنبھالی، جبکہ 11 اکتوبر 2022 کو انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد انہیں کور کمانڈر لاہور مقرر کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں انہیں چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا۔

اب فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی کے ساتھ جنرل عامر رضا کو نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا پہلا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے جو پاکستان کے نئے دفاعی کمانڈ سسٹم میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے
نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا قیام پاکستان آرمی، ایئر فورس اور نیوی ایکٹ 2025 کے تحت عمل میں آیا جس کے ذریعے ملکی دفاعی کمانڈ کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی گئیں۔ اسی قانون کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا سابقہ عہدہ ختم کر دیا گیا۔

قانون کے مطابق وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر حاضر سروس فور اسٹار جنرل کو تین سال کے لیے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کمانڈر مقرر کر سکتے ہیں

Read Previous

دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

Read Next

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،چار شدت پسند ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

Leave a Reply