Turkiya-Logo-top

دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی اور دہشت گردی سمیت اس کے سہولت کاروں کے خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک اور عوام کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد ڈھانچے کو، وہ جہاں کہیں بھی موجود ہوں، ختم کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے مذموم عزائم کو پاکستان کی مسلح افواج کے بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل، عوام کی ثابت قدمی اور قومی اتحاد کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جبکہ اس کے باصلاحیت، ثابت قدم اور محب وطن عوام بلوچستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد جامع اور عوامی ضروریات پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے بلوچستان کے سماجی اور معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور بلوچستان میں طویل مدتی امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے ملک کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کے لیے قومی اتحاد، مستقل مزاجی اور اجتماعی عزم کی ضرورت پر زور دیا۔

سیشن کے اختتام پر شرکاء اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان مختلف قومی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

Read Previous

آٹھ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ، مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

Read Next

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے پہلے کمانڈر مقرر

Leave a Reply