طالبان نے یقین دہانی کروائی ہے افغانستان کے مستقبل کے لئے یہاں عالمی سرمایہ کاری کا سازگار ماحول بنایا جائے گا۔
یہ بات طالبان کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ شیر محمد عباس نے امریکہ کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈم بوہیلر سے دوحا میں ملاقات کرتے ہوئے کہی۔
ملاقات میں افغانستان میں مالیاتی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ امریکی سرمایہ کاروں نے وفد نے کہا کہ افغانستان عالمی سرمایہ کاری کے لئے ایک سرمایہ کار دوست ملک ہے۔ دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو افغانستان لانے کے لئے امن و استحکام ضروری ہے۔
ایڈم بوہیلر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ قطر میں طالبان سے ہونے والی ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
کابل سے افغان حکومت نے ابھی تک اس ملاقات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تاہم افغان صدر کے ترجمان صادق صدیقی نے کہا کہ افغان حکومت اور لوگوں سے جنگ کے لئے طالبان کے پاس اب کوئی قانونی یا مذہبی جواز موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے علمائے کرام نے یہ فتویٰ دیا ہے کہ افغان حکومت اور عوام کے ساتھ طالبان کی لڑائی ایک غیر قانونی اور ناقابل معافی جرم ہے۔
انہوں نے کہا افغان نیوز چینل تولو نیوز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہی بات انٹرنیشنل یونین آف مسلم اسکالرز کے صدر شیخ احمد الرئیسونی نے بھی کہی ہے۔