
2011 میں شام میں خانہ جنگی سے فرار ہو کر ترکی پناہ لینے والے شامی پروگرامرز کے ایک گروپ کی تیار کردہ موبائل ایپ 45 ملین بار ڈاون لوڈ کی جا چکی ہے۔ یہ گیم وڈیو گیمز تیار کرنے والی کمپنی ولفس انٹرایکٹو نے تیار کی۔
ولفس انٹرایکٹو کا آغاز 2016 میں الیکٹرک انجینئر احمد علا زکانی، سافٹ ویئر کے ماہر خالد الموتار اور کرم بیدانی اور تھری ڈی ڈیزائن کے ماہر ویل ڈیوؤب نے استنبول کی یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ٹیکنوپارک میں کیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران علا زکانی کا کہنا تھا کہ ان کی تیار کردہ گیم "ٹریفک ٹور ” ایک کامیاب گیم رہی ہے اور اب تک اسے پوری دنیا میں 45 ملین صارفین ڈاون لوڈ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی دوسری گیم "موٹر بائیک” پانچ ملین بار ڈاون لوڈ کئ جا چکی ہے۔
علا زکانی نے بتایا کہ یہ گیم سولہ زبانوں میں دستیاب ہے اور اب تک آٹھ لاکھ ڈالرز کما چکی ہے۔ کمپنی دو سال تک اسے ڈھائی سو ملین افراد تک پہنچانے کا ہدف رکھتی ہے۔ علا زکانی نے مزید بتایا کہ کمپنی میں اس وقت پندرہ افراد کام کررہے ہین جن میں سے بیس فیصد ترک ہیں اور تین سالوں میں ملازمین کی تعداد پچاس تک بڑھا دی جائے گی۔