turky-urdu-logo

سن ایکسپریس ایئر لائن کا ترکی کے لئے نئے سیاحتی روٹس متعارف کروانے کا اعلان

ترک جرمن ایئر لائن سن ایکسپریس کا ترکی میں نئے سیاحتی روٹس پر پروازیں شروع کرنے کا اعلان

فضائی کمپنی نے کہا کہ اس سال گرمیوں میں تین نئے سیاحتی روٹس کے لئے پروازیں شروع کی جائیں گی۔ یہ بات سن ایکسپریس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میکس کاوٗنتزکی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے سیاحتی مرکز انطالیہ اور ازمیر کے لئے نئے سیاحتی روٹس پر پروازیں شروع کی جا رہی ہیں۔ ترکی اور یورپین یونین کے درمیان فضائی سروس میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں بیروت، شمالی عراق کے شہر ایربل اور اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سے بھی ترکی کے لئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں نئے روٹس سے ترکی میں سفر کی ڈیمانڈ بڑھ جائے گی کیونکہ ان شہروں سے ترکی کے لئے فی الحال براہ راست پروازیں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گرمیوں میں ترکی میں سیاحوں کی آمد سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔

سن ایکسپریس کے سی ای او نے کہا کہ کئی ممالک میں ویکسین پروگرام شروع ہونے اور کورونا وائرس کے ٹیسٹ بآسانی ہونے سے سیاحت میں غیر معمولی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپین سیاحوں کی ترکی آمد میں اضافہ ہو گا کیونکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے سیاح گذشتہ دو سال سے گھروں میں بیٹھے بیٹھے تنگ آ چکے ہیں۔

سن ایکسپریس ترکی سے 27 ممالک کے 52 شہروں کے لئے پروازیں چلاتی ہے۔ اس سال گرمیوں میں فضائی کمپنی نے سیاحوں کی  تعداد میں اضافے کے پیش نظر 60 لاکھ اضافی نشستیں متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Read Previous

ترکی : غیر قانونی مہاجرین کی یونان جانے کی کوشش ایک بار پھر ناکام

Read Next

ترکی نے یورو باسکٹ 2022 کے لیے کوالیفائے کرلیا

Leave a Reply