افغان رہنما اور حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
عمران خان نے کہا کہ کچھ افغانستان کے اندر اور باہر سے کچھ مایوس اور ہارے ہوئے عناصر افغان امن عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
امن و استحکام، خوشحالی اور ترقی افغان عوام کا حق ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے افغان امن مذاکرات کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا کا کوئی مسئلہ جنگ سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ مذاکرات ہی کسی بھی تنازعے کے حل کا واحد راستہ ہے۔
حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار نے افغان امن عمل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر پاکستان کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں گلبدین حکمت یار نے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔
گلبدین حکمت یار نے افغانستان میں امن اور سماجی و معاشی شعبوں میں ترقی کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان گذشتہ 40 سال سے لاکھوں افغانوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ گلبدین حکمت یار تین روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے جہاں انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سمیت کئی دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور اسلام آباد میں ایک تھنک ٹینک سے خطاب بھی کیا۔