اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے 9 رکنی وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون، معاشی اصلاحات، نوجوانوں کی فنی تربیت، معدنیات اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ جائیکا کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مؤثر اصلاحات اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے اور اب پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحاتی عمل تیزی سے جاری ہے ان کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں حکومتی اقدامات کے باعث سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، فنی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا بھی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے وزیراعظم نے معدنیات کے شعبے کو ملکی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس میدان میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) میں اصلاحات کے ذریعے ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی ہے اور جائیکا کے تعاون سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جاپان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا جس پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مشترکہ منصوبوں پر تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
جائیکا کے صدر کا کہنا تھا کہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے
