راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر 2026ء کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے سامنے پاکستان۔افغانستان سرحد سے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جو مبینہ طور پر پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی تقریباً 36 گھنٹے تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک کیے گئے خوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشت گرد گروہ پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے کارروائیوں کی تیاری میں مصروف تھے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر ہونے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کو واضح کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
بیان کے مطابق افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔
علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں نگرانی اور کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری بلاامتیاز انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
