Turkiya-Logo-top

استنبول کے ساحل کے قریب مال بردار جہاز ڈوب گیا، 10 افراد لاپتا

ترکیہ کے شہر استنبول کے مغربی ضلع سِلیوری کے قریب بحیرۂ مرمرہ میں ایک مال بردار جہاز دوسرے بحری جہاز سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گیا، جس کے نتیجے میں جہاز پر سوار 10 افراد لاپتا ہوگئے۔

ترک وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلو نے تصدیق کی ہے کہ ’Tugberk Imamoglu‘ نامی مال بردار جہاز سمندر میں ڈوبا ہے جس پر موجود تمام 10 افراد ترک شہری تھے، تاہم موبائل فون کے ذریعے ان سے رابطے کی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہو سکیں۔

حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 3 بجے سِلیوری کے ساحل کے قریب پیش آیا، جب 90 میٹر طویل ترک پرچم بردار مال بردار جہاز Tugberk Imamoglu، 91 میٹر طویل کیمیکل ٹینکر Alsu سے ٹکرا گیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق جہاز انتہائی تیزی سے، تقریباً 11 منٹ کے اندر ڈوب گیا جس کے بعد تاحال کسی شخص کو زندہ نہیں پایا جا سکا۔

حادثے کے بعد ترک کوسٹ گارڈ اور دیگر امدادی اداروں نے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دو ہیلی کاپٹرز اور 12 سرچ اینڈ ریسکیو کشتیاں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ترکیہ کی میری ٹائم ڈائریکٹوریٹ کے مطابق تلاش کے دوران Tugberk Imamoglu کی لائف بوٹ سمیت جان بچانے کا سامان سمندر کی سطح پر تیرتا ہوا ملا، تاہم لائف بوٹ میں عملے کا کوئی رکن موجود نہیں تھا۔

90 میٹر طویل Tugberk Imamoglu سنہ 1990 میں تیار کیا گیا تھا اور یہ ترکیہ کے اسکندرون سے بحیرۂ اسود کی بندرگاہ ایریغلی کی جانب جا رہا تھا۔ جہاز پر تقریباً 4,200 ٹن رولڈ اسٹیل لدا ہوا تھا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

جہاز بحیرۂ مرمرہ میں تقریباً 900 میٹر گہرے پانی میں ڈوبا ہے، جس کے باعث لاپتا افراد کی تلاش اور ریسکیو آپریشن کو دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب حادثے میں ملوث Alsu نامی ترک پرچم بردار جہاز کو کوئی نمایاں نقصان نہیں پہنچا۔ یہ جہاز استنبول کے مشرق میں واقع کوچائیلی سے بحیرۂ ایجیئن کی بندرگاہ علی آغا کی جانب سفر کر رہا تھا اور حادثے کے وقت خالی تھا۔

بحیرۂ مرمرہ دنیا کے مصروف ترین بحری راستوں میں شمار ہوتا ہے اور باسفورس اور داردانیلز آبناؤں کے ذریعے بحیرۂ اسود کو بحیرۂ روم سے ملاتا ہے۔

Read Previous

ازبکستان کے 35 ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں پُروقار تقریب کا انعقاد، ازبک سفیر سمیت پاکستانی حکام کی شرکت

Leave a Reply